میگھن مارکل کے والد تھامس دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل

May 27, 2022

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کی طبعیت ناساز ہونے کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تھامس مارکل کو دل کے دورے کی علامات پر پہلے انہیں ٹیہوانا (میکسیکو) کے ہی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال پہنچنے پر تھامس مارکل کو بات کرنے میں دشواری کا سامنا تھا، پیرا میڈکس اسٹاف نے ان کی کیفیت جاننے کے لئےکاغذ پر ان کا احوال لکھا، میگھن کی سوتیلی بہن سمنتھا مارکل نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ میرے والد اسپتال میں روبہ صحت ہو رہے ہیں۔سمنتھا نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ والد کی صحت اور بہتری کے لیے فیملی کی پرائیوسی کا خیال رکھا جائے، انہیں آرام کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ سمنتھا اور میگھن کے درمیان بھی تعلقات اچھے نہیں ہیں، 2018 میں سمنتھا نے نیلسن منڈیلا کا ذکر کرنے پر میگھن کوآڑے ہاتھوں لیا تھا، سمنتھا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تم اپنے والد کو خراجِ تحسین کیوں نہیں پیش کرتیں؟ بس بہت ہوگیا، انسانوں کی طرح برتاؤ کرو، ایک عورت کی طرح برتاؤ کرو، اگر ہمارے والد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار تم ہوگی میگھن۔