کارکنوں نے ثابت کردیا،ساتھیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بی این پی

May 27, 2022

کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر وسینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے مرکزی لیبر سیکرٹری موسی بلوچ، مرکزی کونسلر فیض اللہ بلوچ کے چھوٹے بھائی شہید سعید احمد بلوچ اور شہید ندیم بادینی کی ٹار گٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلی پر پارٹی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بی این پی کے بہادر وثابت قدم رہنے والے کارکنوں نے ثابت کردیاکہ وہ اپنے ساتھیوں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، غم کی اس گھڑی میں بی این پی کا ہر کارکن اور عہدیداران موسیٰ بلوچ ،فیض اللہ بلوچ کے بھائی شہیدسعید احمدبلوچ اور شہید ندیم بادینی کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے اس غم کو اپنا سمجھا اور بی این پی کی ایک کال پر اکھٹے ہوکر احتجاج ریکارڈ کرایا کہ وہ کسی بھی طاقت اور ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے ،بی این پی مظلوم عوام کی وہ جماعت ہے جس نے ساحل وسائل ،قومی تحریک اور سوال کیلئے اپنے عہدیداروں سے لیکر کارکنوں تک کی قربانیاں دیں۔ بی این پی کے شہداء کی وہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے کہا کہ بی این پی کے کارکنوں نے مظاہرے اور ریلی میں شرکت کرکے نہتے کارکنوں کیساتھ جاری ظلم وستم کیخلاف سیاسی اور جمہوری انداز میں احتجاج ریکارڈ کرواکر غیر جمہوری قوتوں پر واضح کردیا کہ بی این پی کے نہتے سیاسی، نظریاتی فکری سوچ رکھنے والے کارکن قومی حقوق کی خاطر جمہوری انداز میں جدوجہد کیلئے ان کے گھنانی غیر انسانی منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور نہ ہی نادیدہ قوتوں کے مظالم کے سامنے کھبی خاموشی اختیار کر کے استحصالی ظالم و جابر قوتوں کے عزائم کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے۔