نوجوان خود کو ملک وقوم کی خدمت کیلئے وقف کردیں :پروفیسر جاوید اکرم

May 27, 2022

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے سلسلے میں نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر اپنے آپ کو ملک وقوم کی خدمت کیلئے وقف کردیں ، وہ نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان کے پہلے کانووکیشن میں خطاب کر رہے تھے، میاں محمد رشید نے صدارت کی، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ یہ کالج دیگر پرائیویٹ اداروں کے مقابلے میں مختصرعرصے میں بہت زیادہ ترقی کی منازل طے کرچکا ہے، کالج کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین ،سابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران رسول اور پرنسپل پروفیسر اظہر جاوید نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کا فرض ہے کہ وہ قابلیت کے ساتھ ساتھ انسانیت سے محبت،شفقت اور ان کی خدمت کو بھی اپنا شعار بنائیں ، عالمی شہرت یافتہ گائنا کولوجسٹ پروفیسر راشد لطیف خان اور سابق پرنسپل پروفیسر محمد سمیع اختر نے کہا کہ طلباء،تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق کے میدان میں بھی ملک وقوم کیلئے عزت ووقار کا باعث بنیں ،میاں سعد منصور نے کالج اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کی انفرادی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز کامران رسول نے ڈاکٹروں سے حلف لیا جبکہ میاں محمد رشید اور وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے ایم بی بی ایس او ربی ڈی ایس گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں کانووکیشن میں وائس چانسلر نشتر پروفیسر رانا الطاف احمد،میاں منصور رشید ،میاں سعود رشید،میاں محمد جمیل،میاں محمد عالمگیر،وائس پرنسپل پروفیسر عامر علی خان اور پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر وقار حسین ،اساتذہ کرام اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔