ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آزادی کو نہیں دبایا جا سکتا،صالح محمد خان

May 27, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے بزرگ رہنما اور مزار قائداعظم کراچی کی فاتحہ خوانی کمیٹی کے سابق سرپرست اعلیٰ صالح محمد خان نے کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کو دوبار عمر قید کی سزا دینے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو نہیں دبایا جا سکتا۔ صالح محمد خان نے حریت پسند کشمیری رہنما کی سزا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کی قیادت کی طرف سے حریت پسند کشمیری رہنما کی سزا کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ حریت پسند کشمیری رہنما کی اہلیہ کی اپیل کے باوجود پچیس مئی کی مارچ کو ملتوی نہ کیا گیا صالح محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کشمیر بھارت کے حوالہ کرنے کے بعد بھارت ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ملک میں فساد اور فتنہ پھیلا کر قومی سلامتی کو دائو پر لگانے پر تلے ہوئے ہیں عمران نیازی کی ایما پر پی ٹی آئی کے کارکن کی طرف سے لاہور میں پولیس کانسٹیبل کو گولی مارکرشہید کر کے خون خرابہ بھی شروع کر دیا گیا ہے تاہم فساد مارچ کی ناکامی سے عمران نیازی کے عزائم کے سامنے بند باندھ دیا گیا ہے آزادی بہت بڑی نعمت ہے عمران نیازی کو اقتدار کے لئے قومی سلامتی کو دائو پر نہیں لگانا چاہئے اور بھارتی عزائم کو تقویت بھی نہیں پہنچانا چاہئے۔ صالح محمد خان نے کہا کہ عوام نے عمران نیازی کے فساد مارچ سے لاتعلقی اختیار کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے عوام ملک کے وفادار اور آزادی کے محافظ ہیں ۔