پشاورمیں میری گلی میری ذمہ داری پراجیکٹ کا آغاز

May 27, 2022

پشاور(جنگ نیوز)پشاور شہر کے منتخب نمائندوںاو رڈبلیو ایس ایس پی کے افسران بالا کا نمائندہ اجلاس پشاور کے سادات گھرانے کے چشم و چراغ اور سماجی شخصیت سید فیاض علی شاہ کی قیادت میں جاری سب سے پہلے پشاور ’’ میری گلی میری ذمہ داری ‘‘ کے پراجیکٹ کے تحت منعقد ہوا ، جس میں ڈبلیو ایس ایس پی کے افسران اوردیگرمقامی حکومت کے منتخب نمائندوںنے شرکت کی ۔فورم کا مقصد عوامی نمائندوں اور ڈبلیو ایس ایس پی کے افسران بالا کے درمیان سوشل ڈسٹینسنگ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ انتظامی افسران کا اعتماد بحال کرنا تھا اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کے منیجر سی ایل سی محمد اسماعیل نے پشاور شہر کو ماڈل شہر بنانے اور اور ہر نیبر ہوڈ کونسل میں انتظامی امور کی انجام دہی پر گفتگو کی جبکہ ایم اینڈ ای آفیسر سی ایل سی شاہینہ خٹک نے پانی کی اہمیت اور پانی کے موجودہ مسائل پر عوامی نمائندوں کو بریف کیا۔ عوامی نمائندوں نے بھر پور طریقہ سے افسران بالا کو باریک بینی سے اپنی اپنی نیبر ہوڈ کونسلوں کی مشکلات پیش کیں اور ان کے صد باب کے لئے اقدامات کرنے کی درخواست کی ،اس کے علاوہ پشاور شہر میں ہرنیبر ہوڈ کونسل کو ماڈل بنانے اور پشاور شہر کو میٹرو پولیٹن اور پاکستان کا صاف ترین شہر بنانے سے متعلق مکمل عوامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سب سے پہلے پشاور پراجیکٹ کے سربراہ سید فیاض علی شاہ نے اپنے بھرپور تعاون اور پشاور شہر کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنانے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا قومی ورثہ ہے اور اسے ہمیں مل جل کر سنوارنا ہے انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر آج تمام شہر پشاور کےعوامی نمائندوں کا یہاں موجود ہونا اس بات کا عکاسی ہے کہ ہم تمام ملکر اس شہر کو سنوارنے میں مخلص ہیںاور اللہ کے فضل و کرم سے بھرپور عوامی آگاہی اور تعاون سے بہت جلد ہم اپنے شہر کو صاف ستھرا بنانے کے نیک مقاصد حاصل کرنے میں مخلص ہیں ۔