پی ٹی آئی کا لانگ مارچ فلاپ شو ثابت ہوا،شمشیرخان

May 27, 2022

پشاور ( جنگ نیوز)قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین شمشیر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ فلاپ شو ثابت ہوا کیونکہ لاکھوں لوگ لانے والے سینکڑوں بھی جمع نہ کرسکے۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لوگوں نے ان کی چار سالہ ناقص کارکردگی کی بدولت مکمل طور پر مسترد کردیاکیونکہ انھوں نے عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اورزبانی جمع خرچ کے سوا عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت نے مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کیا،ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اور بیرونی قرضوں میں 80فیصد اضافہ ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انھوںنے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی آئی ایم ایف غلامی، بے حسی اورناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک و قوم مہنگائی وبے روزگاری اور اقتصادی بد حالی کا شکار ہوئیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے لنگر خانے کھول دیئے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوامی جماعت ہے اور ان کے مسائل و مشکلات کو ہر فورم پر اجاگر کرے گی۔