وزیراعلیٰ کی پولیس اور انتظامیہ کو شاباش

May 27, 2022

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لانگ مارچ کے دوران امن عامہ کیلئے بہترین انتظامات پر پولیس اور انتظامیہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے غیر معمولی حالات میں ڈلیور کیا،صورتحال ایک امتحان تھی،مشاورت سے فیصلے کئے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نےایک بیان میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ اپنے سیاسی رفقاء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے آپ نے اپنے فرائض منصبی ادا کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نیت نیک تھی،اس لئے اللّٰہ تعالیٰ نے بھی ہماری مدد کی، شرپسند عناصر نے توڑ پھوڑ کی لیکن اس کے باوجود فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، فرنٹ لائن پر موجود پولیس اہلکاروں نے حوصلے اور جذبے سے فرائض سرانجام دیئے، امید ہے آپ آئندہ بھی اسی جانفشانی اور جذبے سے مخلوق خدا کے لیے فرائض سرانجام دیں گے۔