مریم نواز کو روزانہ سورۃ الفیل پڑھنے کا مشورہ کس نے دیا ؟

May 27, 2022

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز گزشتہ روز شہید پولیس کانسٹیبل کمال احمد کے گھر اظہارِ افسوس اور تعزیت کرنے پہنچیں۔

رہنما مسلم لیگ ن ثانیہ عاشق کی جانب سے مریم نواز کی متعدد تصویریں اور ویڈیوز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہیں۔

اِن تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریم نواز شہید کانسٹیبل کمال احمد کے بچوں اور گھر میں موجود دیگر خواتین کے ساتھ بیٹھی تعزیت کر رہی ہیں اور ساتھ میں اُن کا حوصلہ بندھا رہی ہیں۔

اِن میں سے ایک ویڈیو میں ثانیہ عاشق کا لکھنا ہے کہ ’اتنی محبت، مریم نواز آپ بہت خوش قسمت ہیں، ماشاءاللّٰہ۔‘

یہ ویڈیو مریم نواز کی جانب سے بھی ری ٹوئٹ کی گئی ہے۔

اس ویڈیو سے متعلق مریم نواز کا بتانا ہے کہ ’یہ بہت اچھی خاتون تھیں، انہوں نے مجھے روزانہ دس بار سورۃ الفیل پڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ لاہور میں شہید ہونے والے کانسٹیبل کمال احمد کے بھائی عبدالستار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ساجد نے فائرنگ کی جس سے میرا بھائی مر گیا۔

شہید کانسٹیبل کے بھائی نے کہا کہ اقتدار کی خاطر غریب لوگوں کو مار رہے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکن ساجد کی چلائی گولی سے میرا بھائی مر گیا۔

دوسری جانب پولیس اہلکار کی بیوہ نے مطالبہ کیا کہ میر ے شوہر کو مارنے والے کو بھی ویسی ہی سزا دی جائے۔