شاہ محمود، فواد چوہدری، شیریں مزاری کے استعفے منظور کرنے پر مشاورت

May 27, 2022


حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے استعفے منظور کرنے پر مشاورت شروع کردی۔

اتحادی ارکان نے تینوں ارکان کے استعفے منظور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا، استعفے منظور کرکے ضمنی الیکشن کرانے کی تجویز دی گئی۔

اتحادی ارکان کی رائے کے مطابق تینوں ارکان نے ایوان میں اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کر رکھا ہے، تینوں ارکان کے استعفے منظور کرکے ضمنی الیکشن کرائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق ان تین ارکان کے علاوہ پی ٹی آئی کے کسی بھی رکن نے اپنے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اپوزیشن ارکان کے استعفوں کے حوالے جلد فیصلہ کریں گے، ضمنی الیکشن کی صورت میں تینوں نشستوں پر مشترکہ امیدوار دیے جاسکتے ہیں۔