اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی: ایمان مزاری کی ضمانت 1 ہزار کے مچلکوں پر منظور

May 27, 2022

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابقہ وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت عالیہ نے ایمان مزاری کی 9 جون تک کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 1 ہزار روپے کے مچلکوں پر ایمان مزاری کی ضمانت منظور کی۔

ایمان مزاری کی ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے مقدمے میں ایمان مزاری کی عبوری ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت عالیہ نے ریاست اور مدعی مقدمہ کو 9 جون کے لیے نوٹس جاری کردیے اور جواب طلب کرلیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ پٹیشنر کے مطابق بدنیتی کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ پٹیشنر کے وکیل کے مطابق مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، اس لیے 1 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ پٹیشنر عدالتی پالیسی کے مطابق کیش شیورٹی ضمانت جمع کرانے میں آزاد ہے۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں ایمان مزاری کو ہر تاریخ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی۔