عمران خان کی ساری تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی، مریم اورنگزیب

May 27, 2022

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود تسلیم کرلیا کہ وہ تیاری کر کے نہیں آئے تھے، عمران خان کی ساری تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی، ان کی تیاری خونی مارچ کی تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے حیران کن اور پریشان کن انکشافات کیے، عمران خان کے جھوٹے بیانیے پر ان کے ورکرز گمراہ ہیں، عمران خان نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، وہ شکست تسلیم کرکے واپس چلے گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خونی انقلاب کا اعلان کیا تھا، عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے، خیبر پختونخواحکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کے لیے دیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ججوں کی تحریک کے لیے نواز شریف اسلحہ لے کر نہیں نکلے تھے، عمران خان کی نیت غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس نے آپ کو پریس کانفرنس کا مشورہ دیا اس نے بڑی زیادتی کی، پریس کانفرنس کا مشورہ دینے والے شخص نے عمران خان کو اچھا مشورہ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تو آپ آچکے تھے، آپ ایف 8 تک تو آچکے تھے، بتائیں راستے میں کس نے روکا، اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کی گاڑیوں کی تعداد 15، 20 پر آگئی تھی، عمران خان بتائیں کہ کس رکاوٹ نے انہیں روکا، عمران خان کو ایسی حالت میں گولیاں کھا کر سو جانا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی منفی سیاست اور عہدیداروں کی وجہ سے پولیس اہلکار کو گولی لگی، جب سپریم کورٹ کا حکم آیا اس وقت کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آپ آوازیں مارتے رہے، لوگ نہیں آئے، عمران خان کا قافلہ انتظار کرتا رہا اور لوگ نہیں آئے، عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی، عوام کو ڈی چوک پہنچنے پر اکسایا اور خود ڈی چوک پہنچے نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پٹرول جو مہنگا ہوا ہے وہ آپ کی وجہ سے مہنگا ہوا ہے، چار سال ملک پر مسلط رہ کر عمران خان نے معیشت کا قتل کیا، عمران خان نے آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کیے، عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پٹرول مہنگا ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تحریکِ انصاف کے کارکنان کی قدر اور عزت کرتی ہے، عمران خان شہید پولیس افسر کے گھر کیوں نہیں گئے؟ عمران خان کو شہید پولیس افسر کے بچوں سے معافی مانگنی چاہیے، عمران خان کی وجہ سے پولیس افسر شہید ہوا اور پانچ بچے یتیم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی مسلم لیگ ن کے لیے پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان تھا، عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے لگی تو عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دےدی، عمران خان کو ٹیلیویژن دیکھ کر ڈالر کی قیمتوں کا پتہ چلتا تھا، حکومت کو دل پر پتھر رکھ کر فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی سیکیورٹی اہلکار کے پاس اسلحہ نہیں تھا، تشدد اگر کسی نے کیا ہے تو وہ عمران خان ہیں، عمران خان نے درخت اور میٹرو اسٹیشن جلوائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی قسمت میں صرف ناکامی ہے، چار سال آپ نا کام رہے، اب آپ کی قسمت میں ناکامی ہی ناکامی ہے۔