بیوی نے 3 بار شوہر کی تجوری صاف کردی، 4 کروڑ مالیت کے زیورات اور بانڈز لے اڑی

May 27, 2022

سرگودھا کے رہائشی منی چینجر کو اس کی بیوی نےلوٹ لیا، متاثرہ شخص کے مطابق اس کی بیوی نے گھر سے4 کروڑ روپے کے پرائز بانڈ، نقدی اور زیورات چوری کیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف تین مقدمات درج کرکے 80 لاکھ روپے سے زائد کا مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ہے۔

سرگودھا شہر کے وسط بلاک 25 کے رہائشی منی ایکسچینج کے کاروبار کرنے والے سیف اللّٰہ نامی شخص نے بتایا کہ 7 برس قبل مقام حیات کی رہائشی اقرا نامی خاتون سے 52 برس کی عمر میں شادی کی۔

سیف اللّٰہ نے بتایا کہ وہ اقرا نامی خاتون کو بہت پسند کرتا تھا مگر افسوس اس نے میرے گھر آتے ہی پہلی واردات 2020 میں کی گھر سے 4 کروڑ روپے کے بانڈز اور نقدی چوری کرکے لے گئی۔ دوسری واردات 2021 اور تیسری واردات ایک ہفتہ قبل کی۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ چوری کی واردات کے بعد بھی میں محبت میں اس قدر اندھا ہوگیا تھا کہ اقرا کی چکنی چوپڑی باتوں میں آکر اسے اپنےگھر لے آتا تھا، اب مذکورہ خاتون نے اپنے رشتہ داروں کے ذریعے مجھے دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔

سیف اللّٰہ نے کہا کہ اقرا نامی خاتون پہلے سے شادی شدہ تھی اور تین بچوں کی ماں تھی، میرا گھر بھی اجڑ گیا، جس سے محبت کی شادی کی اس نے بھی آنکھیں دکھانا شروع کردی۔

ڈی ایس پی سٹی سرکل تصور عباس کا کہنا ہے کہ سیف اللّٰہ کی درخواست پر گزشتہ اڑھائی سالوں کے درمیان 3مقدمات درج ہوئے 80 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جاچکی ہے، مزید تفتیش کی جارہی ہے اور تینوں مقدمات زیر تفتیش ہیں۔