مبینہ رشوت طلب کرنے پر ایف آئی اے فیصل آباد کے تین افسران کے فوری تبادلے، تینوں متعلقہ افسران کے مؤقف

May 28, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) فیصل آباد میں ایک ہنڈی حوالہ کرنے والے کے دفتر پر چھاپہ مارنے اور مبینہ طور پر بھاری رشوت طلب کرنے پر ایک ڈپٹی ڈائریکٹر کا فوری تبادلہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کردیا گیا ہے جبکہ دو سب انسپکٹروں کے تبادلے پہلے ہیڈکوارٹر اور پھر تافتان بارڈر چیک پوسٹ پر کردیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور سب انسپکٹر نے فوری تبادلوں کی تصدیق کی ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق مذکورہ گھپلے کے بعد ڈی جی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ کسی بھی چھاپے سے پہلے ان کے علم میں لایا جائے اور لازمی اجازت حاصل کی جائے۔ ایف آئی اے فیصل آباد کے کمپوزیٹ سرکل میں تعینات سب انسپکٹرز عابد حسین اور اجمل حسین نے 23مئی کو گوانہ بازار میں ہنڈی حوالہ کرنے والے دفتر پر چھاپہ مارا اور پھر یہ رپورٹ دی کہ اس دفتر سے ’’کوئی کرنسی برآمد نہیں ہوئی‘‘ اس کے بعد مبینہ طور پر حراست میں لیے گئے فرد سے مبینہ ’’مالی معاملات‘‘ طے کرنے کا عمل ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر ترمذی نے شروع کیا مگر اسی دوران اس معاملے کی سن گن ڈی جی کو مل گئی اور گزشتہ بدھ کو ڈی جی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر قاضی عبدالحمید نے دو نوٹیفکیشن جاری کیے اور ایک ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر ترمذی اور سب انسپکٹرز عابد حسین اور اجمل حسین کو اسلام آباد ہیڈکوارٹر فوری ٹرانسفر کردیئے۔ دونوں سب انسپکٹروں کو معطل بھی کردیا گیا ہے اور ان کو بطور سزا تافتان بارڈر پر تعینات ایف آئی اے عملے کی ’’حفاظت‘‘ پر مامور کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر ترمذی کا کہنا تھا کہ تبادلہ روٹین میں ہوا ہے، ’’میرا ضمیر مطمئن ہے‘‘ اور جلد ہی سب ٹھیک ہوجائے گا۔