بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی،جمعیت س

May 28, 2022

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ( س) کے مرکزی رہنماء وصوبائی ترجمان مولانا محمد شفیق دولت زئی نے کشمیری حریت رہنماء یٰسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے عمرقیدکی سزادینے پر شدید غم و غصے اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری رہنما ء یٰسین ملک نے اپنی ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لئے جدوجہد اور اپنی ہر سانس کشمیر کی آزادی کے لئے قربان کی ہے،بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور ان پرانسانیت سوز ظلم کیا جارہا ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما ء کی جان بچانے اور انہیں بھارتی جیل سے رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یٰسین ملک نے جراء ت اور ہمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں جو سزا دینی ہے دی جائے لیکن وہ کشمیر پر قابض بھارتی سرکار کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔