منشیات کے عادی افراد کا علاج، متعلقہ اداروں سے ملکر کام کررہے ہیں، حاجی زبیر علی

May 28, 2022

پشاور (لیڈی رپورٹر)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کا علاج اور اسکی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ، عوام کی خدمت کو اپنا فرض ہی نہیں عبادت سمجھ کر کرتا ہوں ، اچر کلے میں پینے کے صاف پانی کے لیے پانچ بور ایک ہفتے کے اندر اندر کیے جائینگے ، شیخان پُل کی بھی منظوری دے دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار میئر پشاور حاجی زبیر علی نے گزشتہ روز اچر کلے میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا ۔ کھلی کچہری جو کے مذکورہ بالہ علاقہ کے چیئرمین نور خان ، جمیعت علماءاسلام پی کے 79 کے صدر مولانا امجد حسین ملک نوشاد اور دیگر علاقہ مشران کی جانب سے منعقد کی گئی تھی میں سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرعمران خان ،ایکسیئن واپڈاارباب فاروق ، محکمہ سوئی گیس و ڈبلیو ایس ایس پی،ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور پولیس افسران ، سابق ٹاون ممبر حبیب شاہ اور اللہ داد خان سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی ۔ کھلی کچہری میں اچر کلے کے رہائیشیوں نے گیس ، بجلی ، پینے کے صاف پانی سمیت علاقے میں منشیات بالخصوص آئس نشہ کے حوالے سے اپنی شکایات تمام متعلقہ ذمہ داران کے گوش گزار کیں اور مطالبہ کیا کہ ان پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انہیں حل کیا جائے ۔سابق ضلع ناظم اور سینیٹر حاجی غلام علی نے بھی کھلی کچہری سے خطاب کیا اور کہا کہ جس طرح ان کے دور میں پشاور کی تعمیر و ترقی کے لیے بڑے بڑے منصوبوں پر عملی کام کیا گیا اسی طرح موجودہ میئر پشاور زبیر علی بھی عوام کی خدمت میں ہر وقت پیش پیش نظر آئینگے۔