پٹرول بم ملک کی معیشت کی تباہی کا باعث بنے گا‘عبدالرحمٰن

May 28, 2022

پشاور (جنگ نیوز) چیئرمین کوآرڈی نیشن ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس و چیئرمین بزنس مین پینل لیگل سیل مرزا عبدالرحمٰن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی فیصلے سے ملکی معیشت کو شدید نقصان کے ساتھ ساتھ ملک میں مہنگائی کی نئی لہر آئے گی ۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کیساتھ بڑا ظلم ہے ۔ ڈالر ، بجلی ، گیس قیمتوں میں آئے روز اضافہ اور شرح سود میں اضافے کے بعد پٹرول بم ملک کی معیشت کی تباہی کا باعث بنے گا ۔حکومت ایسے ظالمانہ فیصلوں کے بجائے عالمی سطح پر نئی منڈیاں تلاش اور تاجروں کو سہولیات فراہم کرے تاکہ پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو ۔ ملکی کرنسی کی گراوٹ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ ایک ماہ میں روپے کی قدر میں تقریبا چھ فیصد کمی آئی ہے جس کی بڑی وجوہات میں ملک میں غیر یقینی صورتحال شامل ہے ،ملک میں سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے جب تک تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات نہیں اٹھائیں گی اس وقت تک ڈالر کنٹرول نہیں کیا جا سکتا۔ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو مزید بوجھ سے بچانے کیلئے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے فیصلے کو واپس لے۔