خواتین صوبے کی معاشی ترقی میں کردار ادا کریں‘عبدالکریم

May 28, 2022

پشاور (جنگ نیوز) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت و فوکل پرسن برائے سرمایہ کاری عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے کی خواتین صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے خصوصی پیکیج سے فائدہ اٹھاکر صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، ان خیالات کا اظہار نے وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وومن چیمبر کی صدر شاہدہ پروین نے وومن چیمبر اور خواتین انٹرپرینیور کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حوالے سے معاون خصوصی کو آگاہ کرتے ہوئے وومن چیمبر کے لئے علیحدہ دفتر کے قیام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بینکوں کے حوالے سے مسائل کو آسان بنایا جائے تاکہ خواتین انٹرپرینیور اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاکر روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد مل سکیں۔ اس موقع پرمعاون خصوصی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائینگے اور ساتھ متعلقہ اداروں کے حکام کو وومن چیمبر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور وومن انٹرپرینیور کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے صوبائی حکومت کے جاری کردہ بلاسود قرضوں کی اسکیم سے فائدہ اٹھانے میں ان کی رہنمائی فراہم کرنے اور ان کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ آخر میں وومن چیمبر اور خواتین انٹرپرینیور نے تعائون کرنے پر معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔