طلبا علم کےحصول کے لیے انتہائی خلوص اور دیانتداری کا مظاہرہ کریں، پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال

May 28, 2022

گذشتہ ہفتے گورنمنٹ سندھ کالج آف کامرس اینڈ پوسٹ گریجویٹ سینٹر حیدرآباد میں’’پوسٹر رائٹنگ‘‘ مقابلے کا انعقاد کیا گیا عنوان تھا’’ ہمارا عزم وایمان بدعنوانی سے پاک پاکستان ‘‘ تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال نے کی۔ جب کہ نظامت کے فرائض محمد یاسین شیخ، محمد عمران شیخ ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن نے انجام دیے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز سال اول کے طالب علم محمدحذیفہ نے تلاوت کلام پاک سےکیا گیا، طالبہ بختاور مغل نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔

مختلف جماعتوں کے طلبا کی چار ٹیموں نے مقابلے میں حصہ لیا، ان ٹیموں کو تعلیمی وسماجی شعبوں میں خدمات انجام دینے والی اہم شخصیات مادر ملت فاطمہ جناح، بلقیس ایدھی، ایس کے رحیم بانی سٹی کالج وسندھ آف کامرس حیدرآباد اور ماہر تعلیم پروفیسر سید قوی احمد کے ناموں سے منسوب کیا گیا تھا۔ مقابلے میں شریک طلبا نے پوسٹرز پر اپنے خیالات درج کر کے انہیں بورڈ پر آویزاں کیا بعد ازاں باری باری ہرٹیم نے اظہار خیال کیا۔

گورنمنٹ سندھ کالج آف کامرس اینڈپوسٹ گریجویٹ سینٹر حیدرآباد کے زیرِ اہتمام پوسٹر راٹئنگ مقابلےکی مختصر روداد

پہلی ٹیم کے طلبہ محمد خبیب، محمد طلحہ اور محمد امان نے پوسٹر پر لکھے نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ،’’ بہ حیثیت طالب علم ہمیں ہر قسم کی بدعنوانی یا کرپشن سےگریز کرنا چاہیے، بالخصوص سرکاری ملازم کواپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دینے چاہیے۔ امتحانات میں نقل کا رحجان بالکل ختم ہوجاناچاہیے۔ اساتذہ کوبھی چاہیے کہ وہ اس رحجان کی بیخ کنی اور خاتمے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں‘‘۔

دوسری ٹیم کے طلبا محمد یوسف، محمد حذیفہ نے بدعنوانی کی تعریف اور اس کی اقسام بیان کرتے ہوئے کہا کہ،’’ ذاتی مفاد کے لیے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانا کرپشن ہے۔‘‘ تیسری ٹیم کی طالبات ماہین منصور ، حمیرہ نووید نے بدعنوانی کے خاتمے میں خواتین کے کردار سے متعلق کہا کہ، وہ بھی اس کے سدباب میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ، طالبات اپنے گھروں میں بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق آگاہی پیدا کریں۔‘‘

چوتھی ٹیم کی شرکا بختاور مغل اور عروب انصاری نے کہا کہ، ’’ہمیں بدعنوانی کے اسباب ومحرکات کو سمجھنے کی ضرورت ہے‘‘۔ طلبا کے اظہارِ خیال کے بعد پروفیسر تنویر احمد صدیقی، پروفیسر غلام علی شیخ، پروفیسر رشید احمد بھٹی، پروفیسر دلاور خاں، پروفسیر دردانہ، پروفیسر حمیرہ سعید، نے معاشرے میں رائج کرپشن کے مختلف پہلووں پر اظہار خیال کیا۔کالج کے پرنسپل وصدر پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال نے کہا کہ،’’ کرپشن سے پاک قومیںہی ترقی کیا کرتی ہیں۔

ہمارا تعلق مذہب اسلام سے ہےجس میں بدعنوانی کی کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں ، لہذا بہ حیثیت مسلم ہمیں اپنے فرائض منصبی دیا نتداری اور ایمانداری سے انجام دینا چاہیں ۔ انہوں نےطلبہ وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بھی چاہیے کہ علم حاصل کرنے کے لیے انتہا ہی خلوص اور دیانتداری کا مظاہرہ کریں اور امتحانات میں نقل کے رحجان کو ختم کرنے میں اپنا اخلاقی کردار ادا کریں۔ عملی زندگی میں جانے کے بعد اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرئیے گا۔پروگرام کے آخر میں شرکت کرنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال نے ٹرافیاں تقسیم کیں۔ (رپورٹ: رشید احمد ،اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ سندھ کالج آف کامرس، حیدرآباد)

متوجہ ہوں!

قارئین کرام آپ نے صفحۂ ’’نوجوان‘‘ پڑھا، آپ کو کیسا لگا؟ ہمیں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔ اگر آپ بھی نوجوانوں سے متعلق موضاعات پر لکھنا چاہتے ہیں، تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریریں ہمیں ضرور بھیجیں۔ ہم نوک پلک درست کر کے شائع کریں گے۔

نوجوانوں کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کا احوال اور خبر نامہ کے حوالے سے ایک نیا سلسلہ شروع کررہے ہیں، آپ بھی اس کا حصّہ بن سکتے ہیں اپنے ادارے میں ہونے والی تقریبات کا مختصر احوال بمعہ تصاویر کے ہمیں ارسال کریں اور پھر صفحہ نوجوان پر ملاحظہ کریں۔ ہمارا پتا ہے:

انچارج صفحہ ’’نوجوان‘‘ روزنامہ جنگ،

میگزین سیکشن،اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ کراچی