وزیرداخلہ سے کمانڈنٹ ایف سی کی ملاقات اہم امور پر گفتگو

May 28, 2022

فائل فوٹو

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّہ سے کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود نے ملاقات کی جس میں امن و امان برقرار رکھنے میں کردار ادا کرنے اور دیگر پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے دوران ایف سی کی اسلام آباد میں تعیناتی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللّہ کا کہنا تھا کہ امن و امان میں ایف سی کا کردار بہت اہم اور قابل ستائش ہے، خیبرپختوا اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امن برقرار رکھنے میں ایف سی نے مؤثر کام کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے ہاتھوں ایف سی کے کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے، تشدد کے باوجود ایف سی اہلکاورں نے لانگ مارچ کے دوران نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔

رانا ثناء اللّہ کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں اور ان کے کمانڈرز کا پیشہ وارانہ کردار قابل تعریف ہے۔ ایف سی کو ایک مؤثر فورس بنانے کے لیے تمام ضروری مالی اور تکنیکی وسائل فراہم کریں گے۔

اس موقع پر کمانڈر ایف سی نے کہا کہ پاکستان بھر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعداد 28 ہزار جوانوں پر مشتمل ہے،

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امن و امان کے لیے ایف سی وزارت داخلہ کے زیر انتظام فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔