خواتین کے ساتھ ناروا سلوک: وزیر اعلیٰ کا قانونی کارروائی کا حکم

May 28, 2022

بہاول نگر کےعلاقے ہارون آباد میں خواتین کے ساتھ نارواسلوک کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ کوئی مہذب معاشرہ خواتین پر تشدد کی اجازت نہیں دیتا، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک نا قابل برداشت ہے، پولیس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ بہاولنگر میں چائے کی پتی چرانے کے الزام میں خواتین کو دوپٹے سے باندھ کر سڑکوں پر گھسیٹا گیا۔

لیڈیز پولیس کی عدم موجودگی میں خواتین کو پیدل تھانے لے جایا گیا۔