ایمل ولی خان کا عمران خان پر خیبرپختونخوا کے وسائل کے استعمال کا الزام

May 28, 2022

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے عمران خان پر پشاور میں بیٹھ کر صوبائی وسائل کے استعمال کا الزام لگادیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ایمل ولی خان نے کہا کہ عمران خان صوبائی دارالحکومت میں بیٹھ کر خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے خلاف پی ٹی آئی کے دھرنے میں بھی صوبے کی پولیس اور وسائل استعمال ہوئے ہیں۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پی پی چاہئیں تو صوبائی حکومت دنوں میں ختم ہوسکتی ہے۔

اس دوران ایمل ولی خان اپنے دورہ ماسکو کا تذکرہ بھی کیا اور بتایا کہ ہم روس کےد فتر خارجہ کی دعوت پر ماسکو گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان کے درمیان مختلف ایکسچینج پروگرامز پر بات چیت ہوئی، صوبے کے غریب بچوں کو اعلیٰ تعلیم کےلیے ماسکو بھیجیں گے۔

اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ سالانہ بنیاد پر 50 بچوں کو ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ کی تعلیم کے لیے روس بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس نے تردید کی کہ ہمارےسابق وزیراعظم عمران خان کو سستا تیل دینےکی کوئی بات ہوئی۔

ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ روس نے کھاد کی مد میں پاکستان کی مدد کرنے کا کہا ہے اور ماسکو سے خیبرپختونخوا ٹریڈ روٹ بنانے کی بات بھی کی۔