افغان صحافیوں کا برطانوی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام

May 28, 2022

افغان صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی حکومت نے انہیں افغانستان سے برطانیہ منتقل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب حکومت وعدہ خلافی کر رہی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق آٹھ افغان صحافیوں نے بتایا کہ طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد سے ان پر کئی بار تشدد ہوچکا ہے جبکہ تواتر کے ساتھ قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔

صحافیوں کا کہنا تھا کہ قتل کی دھمکیوں کے پیش نظر انہوں نے کئی ماہ روپوش رہ کر گزارے ہیں۔

پچھلے برس طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد سے مذکورہ صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا ملازمین نے اب برطانوی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کئی ماہ سے برطانیہ میں منتقلی کی درخواستیں دے رکھی تھیں جن پر اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

صحافیوں نے اِن درخواستوں پر نظرثانی کے لیے برطانوی عدلیہ سے رجوع کیا ہے۔

میڈیا نمائندگان کا کہنا ہے کہ جب کبھی وہ افغانوں کی منتقلی سے متعلق برطانوی محکمے سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں ایک ہی طرح کی ای میل ارسال کردی جاتی ہے۔

صحافیوں نے بتایا کہ وہ برطانوی میڈیا کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور اس دوران طالبان کے خلاف کارروائیوں، افغانستان کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر نو، خواتین کے حقوق اور منشیات کے کاروبار کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے برس برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینیک راب نے اعلان کیا تھا کہ برطانوی میڈیا کے ساتھ کام کرنے والے افغان صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو ویزے کے بغیر برطانیہ آنے کی اجازت دے گی۔