کےڈی اے کا نیا کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا فیصلہ

June 07, 2022

شہر قائد میں نئے کرکٹ گراؤنڈز کو عوام کے لئے جلد متعارف کرایا جائے گا، ان خیالا ت کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے کے ڈی اے کے زیر انتظام نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کرکٹ گراؤنڈ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ذاتی دلچسپی کی بدولت سندھ سمیت کراچی شہر میں کرکٹ کی بحالی اپنے سفر کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا جارہا ہے اور اسی طرح کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرکے نوجوان نسل کو بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا، ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ کھیل کے میدانوں پر قبضہ اور غیر قانونی تجاویزات برداشت نہیں کی جائیں گی، یہ وہی کرکٹ گراؤنڈ ہے جہاں 1993ء میں سری لنکا کی ٹیم نے میچ کھیلا تھا اور آج اس گراؤنڈ کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوا۔

ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی اور ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی ڈویژن راشد ایوب کو جلد پی سی ون تیار کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ اس گراؤنڈ میں جلد کھیلوں کا آغاز ہوسکے، اس موقع پرممبر فنانس سید شجاعت حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ جمیل بلوچ،ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی ڈویژن راشد ایوب، اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم موجود تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ سی سی اے زون دو نے جیت لیا فائنل میچ میں سی سی اے زون۔6 کو 53 رنز سےشکست کا سامنا کرنا پڑا، علی حسن نے 92 رنز اسکور کئے، ضیاء اللّٰہ نے 26 ، عبدالرحمٰن نیازی نے 23 اور اویس علی خان نے 21 رنز اسکور کئے معاذ خرم امین نے 49 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جواب میں ضیاء اللّٰہ کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث سی سی اے زون 6 کی ٹیم 142 رنز بناسکی محمد عباس نے 38 اور معاذ خرم امین نے 24 رنز اسکور کئے، لیگ اسپینر ضیا اللّٰہ نے صرف 16 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

پی ایچ ایف اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن نے حیدرآباد میں چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں بے قاعدگیاں کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن حیدرآباد ندیم عادل نے کہا کہ انہوں نے سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ اور سیکریٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن رمضان جمالی سے الگ الگ بذریعہ فون پر رابطہ کر کے حیدرآباد میں چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں ہونے والی بے قاعدگیوں سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں کلب ہاکی کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کونقصان پہنچانے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق ایکشن لیتے ہوئے کاروائی کی جائے تاکہ کوئی بھی شخص ہاکی کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال نہ کرسکے۔

جس پر سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے یقین دہانی کرائی کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے ان خلاف کارروائی کی جائے گی۔