شاہد آفریدی خود کو خوش قسمت کیوں سمجھتے ہیں؟

June 13, 2022

فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ 5 بیٹیوں کے والد ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں صحافی اُن سے بیٹے کی خواہش سے متعلق سوال پوچھ رہے ہیں۔

صحافی نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ ’لالا! آپ کی 5 بیٹیاں ہیں، آپ کو کبھی بیٹے کی خواہش نہیں ہوئی‘۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ’الحمداللّہ! میں بہت خوش قسمت انسان ہوں کیونکہ میری 5 بیٹیاں ہیں‘۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ ’اپنی بیٹیوں کو اتنا مضبوط بناؤ اور اس قدر باصلاحیت بناؤ کہ آپ کو کبھی بیٹے کی کمی محسوس ہی نہ ہو‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’ہمارے یہاں بیٹوں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے لیکن میں اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے صحت مند اولاد عطا کی اور میرے لیے اس سے بڑی نعمت کوئی نہیں ہے‘۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’ہمیں ہمارے پیارے نبی ﷺ کی زندگی سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے‘۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی 5 بیٹیوں کے باپ ہیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی عروہ سال 2020، فروری میں پیدا ہوئی تھی۔

شاہد آفریدی اکثر سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں جبکہ ماضی میں کئی بار آفریدی کی بیٹیاں والد کو کرکٹ گراؤنڈ میں سپورٹ کرنے بھی جا چکی ہیں۔