سندھ میں سافٹ بال کے نئے کھلاڑیوں کا سامنے آنا خوش آئند

June 14, 2022

کہتے ہیں کہ جب کوئی کام سرانجام دینے کیلئے ہمت،حوصلہ اور عزم جواں ہو تومنزل خودبخود قریب آجاتی ہے اورکامیابی انسان کے قدم چوم لیتی ہے اس بات کا عملی مظاہرہ سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن حیدرآباد کی عوام کیلئے ایک تین روزہ میلہ سجاکر کیا جہاں انتہائی گرم موسم ہونے کے باوجود نہ صرف اہلیان حیدرآباد کی ایک بڑی تعداد سافٹ بال کے ہونے والے میچز سے لطف اندوز ہوتی رہی وہیں ایونٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں نے اپنے کھیل سے سب کو محظوظ کیا اس ایونٹ کو بلاشبہ حیدرآباد کی تاریخ کے ایک کامیاب اور یادگار فیسٹیول کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ساتویں انٹرڈویژنل خواتین سافٹ بال چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن کراچی نے سافٹ بال میں اپنی روایتی حریف حیدرآباد کی ٹیم کوبڑے مارجن سے شکست دیکر فتح کاتاج اپنے سرسجا لیا سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام تین روز تک جاری رہنے والی چیمپئین شپ میں کراچی، سکھر، میرپورخاص، بینظیرآباد، لاڑکانہ اور میزبان حیدرآباد کی ٹیموں نے شرکت کی ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

ایونٹ میں کئی نئی کھلاڑی سامنے آئی ہیں جن کو گروم کرنے کی ضرورت ہے، سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو کٹس، کھیل کا مکمل سامان، کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے طعام وقیام اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات نظر آئے کھلاڑیوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کھیل کو خوب محظوظ کیا چیمپئن شپ جے آغاز کی بات کی جائے تو پبلک اسکول حیدرآباد میں چیمپئین شپ کی رنگا رنگ تقریب کا افتتاح ڈاکٹر نادیہ عابد شیخ نے کیا۔

اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ سندھ دھرتی امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگوں کی زمین ہے یہاں کی خواتین دیگر شعبوں کی طرح کھیل کے میدان میں بھی خداد صلاحیتوں سے مالامال ہیں ماضی میں بھی ہماری خواتین کھلاڑیوں نے قومی اور انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس چیمپئن شپ میں شریک کئی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی قومی سافٹ بال ٹیم کا حصہ بن سکتی ہیں ایونٹ کے فائنل میں کراچی سافٹ بال ٹیم نے حیدرآباد کو 8ر رنز سے شکست دیکر چیمپئن شپ کاٹائٹل اپنے نام کرلیا کراچی کی زرلش شکیل فائنل کی بہترین پلیئر قرار پائیں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں لاڑکانہ نے سکھر کو 4کے مقابلے میں 9رنزسے شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کیا۔

چیمپئن شپ میں کراچی کی ادینہ حسن بیسٹ ہٹر، مرسلین پرویز کیچر، لاڑکانہ کی صوبیہ پچر اور حیدرآباد کی تلسی میگھوار کو بیسٹ فیلڈر کا ایوارڈیا گیا تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ کی چیئرپرسن ہما بخاری، سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کی چیئرپرسن تہمینہ آصف، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، فروٹ نیشن کے فیصل خان، ایڈوانس لیب کے فیصل قاسم، ایس ایس اے کے صدر وسیم ہاشمی اور سیکریٹری محمد ذیشان مرچنٹ نے کھلاڑیوں میں ٹرافیز، میڈلز، سرٹیفکیٹس اور تحائف تقسیم کئے۔

اس موقع پر سے خطاب کرتے ہوئے ہما بخاری کاکہنا تھا کہ انترڈویژنل چیمپئن شپ کے انعقاد سے نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئے بلکہ ان کے درمیان باہمی ہم آہنگی، اخوّت اور محبت کا جذبہ مزید پروان چڑھا ہے سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن نے چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو رہائش، کھانے، سفری سہولیات سمیت کھیل کے میدان میں ایک مثالی ماحول فراہم کیا میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید افضل زیدی، صدر وسیم ہاشمی، سیکریٹری محمد ذیشان مرچنٹ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

ایس ایس اے کے سیکریٹری محمد ذیشان مرچنٹ نے محکمہ کھیل حکومت سندھ اور ایونٹ کے تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کرکے انہیں اگلے ماہ کراچی میں تربیتی کیمپ کیلئے مدعو کیا جائے گا ہماری پہلی ترجیح نیشنل چیمپئن شپ کیلئے سندھ کی بہترین ٹیم تیار کرنا ہے اب یہ کھلاڑیوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے کھیل میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے سخت محنت اور لگن کے ساتھ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں تا کہ قومی سطح کے مقابلوں کیلئے ان کو مواقع فراہم کئے جاسکیں۔