عامر لیاقت کی پاکستان سے محبت کیسی تھی، سابقہ اہلیہ بشریٰ نے بتادیا

June 15, 2022

فائل فوٹو

ایم این اے عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے مرحوم کی اپنے ملک پاکستان سے محبت ایک تصویر کے ذریعے دِکھا دی۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد سے اُن کی پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ اقبال سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آرہی ہیں۔

بشریٰ اقبال سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین سے متعلق مختلف پیغامات اور یادیں شیئر کر رہی ہیں۔

اب بشریٰ اقبال نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں پاکستان کے قومی پرچم کے مختلف ’بیجِز‘ رکھے ہوئے ہیں۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ’یہ عامر لیاقت کی پاکستان سے محبت تھی‘۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین نے پہلی شادی ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے کی تھی جن سے اُن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

یاد رہے کہ 9 جون، جمعرات کے روز عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کرگئے تھے جبکہ 10 جون کو اُن کی تدفین کی گئی۔