غاصب کی ذمہ داریاں

June 17, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ایک شخص نے غصب سے بہت سا مال جمع کیا ہو اور اب توبہ کرنا چاہتا ہو تو وہ ایسی صورت میں کیا کرے؟

جواب: سب سے پہلے وہ توبہ واستغفار کرے۔ پھر جن لوگوں کا مال چھینا یا قبضہ کیا ہے، ان سے معافی مانگے اور لوگوں کا مال انہیں واپس کرے۔ اگر غصب کی ہوئی چیزیں اپنی اصل حالت میں موجود ہوں تو اصل چیز مالکان کو واپس کرے۔ اگر وہ چیزیں ضائع ہوگئی ہیں تو اگر ان جیسی چیزیں ملتی ہیں تو وہ لے کر واپس کردے، اور اگر ان جیسی چیزیں نہیں ملتیں تو جب وہ چیزیں غصب کی تھیں، اس وقت ان کی جو قیمت تھی ، وہ قیمت اصل مالک کو واپس کرے۔

چیزیں اسی جگہ مالک کو واپس کرے جہاں غصب کی تھیں اور واپس کرنے میں اگر نقل وحمل کے اخراجات آتے ہوں تو وہ غاصب برداشت کرے۔ جن لوگوں کی اشیاء غصب کی ہیں ان ہی کو واپس کرنا لازم ہے ، اگر وہ زندہ نہیں تو ان کے ورثاء کو واپس کردے، اور اگر ورثاء بھی نہ ہوں تو مستحقِ زکوٰۃ لوگوں کو صدقہ کردے۔