پارلیمانی رپورٹرزکیلئے ورکشاپ کاانعقاد

June 24, 2022

پشاور (سٹاف رپورٹر )یورپی یونین اورمستحکم پارلیمان کے اشتراک سے’’خیبرپختونخوااسمبلی میڈیا راؤنڈٹیبل‘‘کے موضوع پر پارلیمانی رپورٹرز کیلئے ورکشاپ کاانعقاد کیاگیا جس میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران جن میں ڈائریکٹر پی آر ایم طارق خان، ڈپٹی ڈائریکٹر عابد ابرار ، معظم علی رضوی، ایاز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ عثمان ، علی صادق آفریدی، محمد طارق، محمد حسین، اسسٹنٹ میڈیا آفیسر طارق کمال گگیانی اور دیگر کے علاوہ صحافیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی. ورکشاپ کامقصدپارلیمانی رپورٹنگ کے دوران صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات میں حائل مشکلات،اسمبلی سیکرٹریٹ اورمیڈیا کے مابین روابط اور اسمبلی کوریج میں سوشل میڈیا کے استعمال پر آگاہی حاصل کرنا تھا ۔ مستحکم پارلیمان کے ٹیم لیڈر کرسٹوفر شیلڈز، صوبائی کوارڈینیٹر اخونزادہ حسین یوسفزئی اور کمیونیکیشن ایڈوائزر عثمان ظفر کے زیر انتظام منعقد کردہ گول میز بحث میں صحافیوں نے کھل کر اپنے مسائل بیان کئے۔ اور اس ضرورت پرزوردیاکہ پارلیمانی رپورٹنگ پرعبورحاصل کرنے کےلئے قانون سازی کے عمل،رولز آف بزنس سے آگاہی ،ممبران اسمبلی کےساتھ سیشن اورصحافیوں کی استعدادکاربڑھانے کےلئے مستقبل میں تربیتی ورکشاپ منعقدکئے جائیں. اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اینڈ میڈیا خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہاکہ اسمبلی سیکرٹریٹ صحافیوں کوپارلیمانی رپورٹنگ سے منسلک سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے. سپیکراسمبلی مشتاق احمدغنی کی خصوصی دلچسپی سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کاقیام،آن لائن اسمبلی کارروائی، اسمبلی بزنس سے صحافیوں کو بروقت باخبررکھنے سمیت دیگراہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ میڈیاکی سہولت کےلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین ہمہ وقت تیاربیٹھے ہیں۔ آخرمیں منتظمین نے تجاویز اورآراءکومثبت قراردیتے ہوئے ان پر مستقبل میں سیشنزکرانے کی یقین دہانی کرائی۔