ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں شہید صحافی قتل کیس کی سماعت

June 25, 2022

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے گواہ سب انسپکٹر عبدالکریم کا بیان قلمبند کرلیا ۔ جمعہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کی عدالت میں گزشتہ روز شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی، ان کے وکیل سینئر قانون دان وسابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دوران سماعت ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرعزیز اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ بھی عدالت کے رو برو پیش ہوئے ۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے فردکے گواہ سب انسپکٹر عبدالکریم کیس پراپرٹی جس میں ملزمان کے قبضہ سے برآمد ہونے والا اسلحہ ، موٹر سائیکل، مقتول صحافی کے کپڑے ودیگر کو عدالت کے سامنے پیش کرکے اپنا بیان قلمبند کرایا جس پر آئندہ سماعت کو جرح کی جائیگی۔ عدالت نے آئندہ سماعت 6 جولائی تک ملتوی کردی۔