یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراورکاروان علم فائونڈیشن میں معاہدہ

June 25, 2022

پشاور(خصوصی نامہ نگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور اورکاروان علم فائونڈیشن لاہورکے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط ہوگئے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاروان علم فائونڈیشن خالد ارشاد صوفی نے معاہدے پر دستخط کئے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈکمپیوٹر انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ ٹریژرر، پروفیسر ڈاکٹر گلزاراحمد ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز، ڈاکٹرنصرومن اللہ ڈائریکٹر اوریک ، ڈاکٹر شمائلہ فاروق ڈائریکٹر میڈیا سمیت دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔معاہدے کا مقصد مستحق، باصلاحیت طلباء وطالبات کو فعال اور خود کفیل شہری بنانے کے لئے اعلیٰ تعلیم کی راہ میں حائل مالی مشکلات کو دور کرنے کے علاوہ ان کی صلا حیتوں کو اجاگر کرنے اورپیشہ وارنہ زندگی میں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت کاروان علم فائونڈیشن، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم 10 مستحق طلباء وطالبات کوجولائی 2022ء سے جون2023ء تک کے عرصے کے لئے سکالرشپ فراہم کرے گی ،کاروان علم فائونڈیشن کی جانب سے مستحق طلباء وطالبات کو حسب ضرورت سالانہ فیسں، سمسٹرفیس ،ہاسٹل کرایہ کے علاوہ خصوصی (معذور،نابینا)طلبہ کو تعلیمی ضروریات، ماہوارخرچ طعام ودیگر ضروریات کے لئے بھی خرچ فراہم کیاجائے گا۔