ابر کا سایا، دھوپ کی چادر تیرے نام...

July 03, 2022

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: سوہا حورم

ملبوسات:ماہی وے

آرایش: سیما بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

پاکستان میں عام طور پر مون سون کا آغاز جون، جولائی سے ہوجاتا ہے، مگر اِمسال موسمیاتی تبدیلوں کے سبب جون کے آخری عشرے سے پری مون سون کا آغاز کچھ یوں ہوا کہ کئی شہروں میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن اِدھر بارش کا زور ٹوٹتا ہے، اُدھر گرمی کی حدّت و شدّت اپنے رنگ ڈھنگ دکھانے شروع کردیتی ہے۔

بہرحال، موسم چاہے جیسا ہو، ہماری تو یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بزم آپ کے ذوق و شوق سے عین ہم آہنگ، کچھ حسین و دِل کش پہناووں ہی سے مرصّع کریں، تو لیجیے، اس بارسوتی ملبوسات کا ایک حسین انتخاب حاضرِ خدمت ہے۔

ذرا دیکھیے، اِسکن فٹڈ جینز کے ساتھ آسمانی بیس میں پرنٹڈ گول دامن قمیص کیسی پیاری لگ رہی ہے،تو لباس سے ہم آہنگ پرنٹڈ دوپٹا بھی جچ رہا ہے، ساتھ سیاہ رنگ گلاسز بھی خُوب ہی ہیں۔پھر فون رنگ میں پلین ڈھاکا فلیپر کے ساتھ فون رنگ ہی قمیص ہے، جس کے گلے پر ستارہ ورک ہے، تو ساتھ چیتا پرنٹ سے آراستہ کوٹی کے بھی کیا ہی کہنے۔

اسی طرح نارنجی رنگ پیراہن کا انداز بھی اسٹائلش ہے کہ پرنٹڈ چُوڑی دار پاجامے کے ساتھ کلیوں والی قمیص ہے، جس کے گلے، آستینوں اور دامن پر دھاگے اور ستاروں کا کام خوش گوار تاثر دے رہا ہے، تو ساتھ براؤن رنگ گلاسز کا بھی جلوہ ہے۔ جب کہ سُرخ رنگ پلین فلیپر کے ساتھ سیاہ رنگ میں پرنٹڈ قدرے لمبی اے لائن فراک کے اسٹائلش لُک کا جواب نہیں، تو پیرٹ گرین رنگ فلیپر کے ساتھ پرنٹڈ قمیص بھی خوش نُما لگ رہی ہے۔ نیز، دو رنگی دوپٹے اور اسٹائلش گلاسز کا انداز بھی لاجواب ہے۔