پارلیمنٹ کو مذاق بنانے والے صدر کے آئینی منصب کی توہین کر رہے ہیں، فرخ حبیب

June 25, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے شیری رحمان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مذاق بنانے والے صدر مملکت کے آئینی منصب کی توہین کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم پر اعتراضات لگا کر محب وطن ہونے کا ثبوت دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نیب میں ترامیم کر کے پاکستان پر خودکش حملہ کرنے سے بڑا جرم کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پر آئینی منصب کا غیر ضروری فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کے دور میں صدر عارف علوی نے ایوانِ صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنایا ہوا تھا۔