پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے پاک فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے، مقررین

June 26, 2022

بلونیا (جواد چیمہ)اٹلی کے شہر بلونیا میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اپنے خطابات میں مقررین نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی ،سلامتی اور استحکام کیلئے پاک فوج کی مضبوطی بہت ضروری ہے اور اس کیلئے ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے دشمن کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی فوجکیلئے چاہے کہیں بھی ہو ان کے بازو ہیں۔ کانفرنس کے آرگنائزر چوہدری فیصل محمود چیچی نے واضح الفاظ میں کہا اوورسیز پاکستانی پاک فوج کی قوت ہیں اور یہ پاک فوج کا حصہ ہیں، ہم اگر محفوظ ہیں تو اپنی فوج کی وجہ سے ہیں۔ مہمان خصوصی برسلز سے تشریف لائے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جغرافیائی حدود کی حفاظت اور فوج کے جوانوں کی قربانیوں کا تذکرہ کیا ،انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوان ہماری پُرسکون نیند کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، وطن ہے تو ہم ہیں،خدانخواستہ اگر کچھ ہوتا ہے تو ہماری پہچان گم ہوجائے گی ،اپنی پہچان برقرار رکھنے اور عزت کے ساتھ جینے کے لئے ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف کو بہترین جنرل قرار دیا اور کہا کہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کی نیندیں خرابکرنے والے قمرجاوید باجوہ کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ استحکام پاکستان کانفرنس میں ملک کی سلامتی اور پاک فوج کی مضبوطی اور یکجہتی کے حوالے سے تقاریر کی گئیں اور پاک فوج کی ملک قوم کیلئے قربانیوں کو سراہا گیا۔ کانفرنس کے دوران ہال پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، قومی ترانوں اور ملی نغموں سے گونجتا رہا۔کانفرنس میں ملک دشمنوں کے پاک فوج کی جانب سے ہر موقع پر دانت کھٹے کرنے اور حاضر سروس جاسوس کو پکڑنے کو بھی پاکستانی کمیونٹی کے سامنے دوہرایا گیا۔ استحکام پاکستان کانفرنس میں سکھوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ کانفرنس میں اٹلی کے اہم شہروں سے پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔آخر میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر کی گئی۔ استحکام پاکستان کانفرنس میں چوہدری فیصل محمود چیچی، چوہدری قیصر بشیر کنگ، چوہدری دلشاد حسین مون اورچوہدری اکرام شہزاد ، چوہدری ندیم مہر،سردار ظہور اقبال، چوہدری ذوالفقار علی سوئٹزر لینڈ سے چوہدری علی حسن چاندی، اٹلی سے چوہدری اجمل خاں گڑیالہ، چوہدری بشیر بوسال، چوہدری امجد حسین رولیہ،چوہدری آصف رضا گجر، چوہدری شمریز، رحمان گوندل،ملک احسن اسلام، چوہدری آصف وڑائچ،چوہدری شبیر ناپولی،راجہ آفتاب ، چوہدری نواز گلیانہ،احتشام صدیق،ملک تنویر اعوان،چوہدری یاسر ٹوپہ،چوہدری زاہد ڈھلوو دیگر بھی شریک تھے۔