پاکستان اور اس کے اداروں سے تعاون جاری رکھیں گے، کمیونٹی شخصیات ویانا

June 26, 2022

ویانا (نمائندہ جنگ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اوورسیز پاکستانیوں میں ہم آہنگی کے فروغ اور پاکستان کی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اس موقع پر پاکستان کو درپیش چیلنجز پراظہار خیالات کرتے ہوئے انسانی حقوق کے کارکن پروفیسر ملک شوکت اعوان،پاکستان انجمن فیملیز کے صدر الحاج شیخ وحید احمد قریشی، منہاج القرآن آسٹریا کے سرپرست الحاج خواجہ محمد نسیم ،مسیحی کمیونٹی کے رہنما کلیم رفیق ،چوہدری محمود احمد بریار ایڈوکیٹ ،حاجی ملک امین اعوان ، اے پی پی سی آسٹریا کے چیئرمین الحاج اکرم باجوہ کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں اور ہر قسم کی آزمائش میں اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں تجدید عہد کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی سیاسی، سماجی اور مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ان چیلنجز میں پاکستان اور اس کے اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے خصوصاً مسلح افواج ملکی سلامتی اور استحکام کے ضامن ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں بھی ان کا کردار قابلِ تحسین ہے، اداروں کو متنازع بنانے والے ہاتھ دشمنانِ پاکستان کے آلہ کار بن رہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ اپنی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر اداروں کے خلاف کسی بھی منفی پروپیگنڈا کا حصہ نہ بنیں، تقریب میں شرکت کرنے والوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ عنقریب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، اسلامو فوبیا اور بھارتی رکن پارلیمنٹ کی طرف سے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی اور بے گناہ مسلمانوں پر مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔تقریب میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔تقریب کا آغاز ملک زبیر کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔تقریب کے اختتام پر الحاج شیخ وحید احمد قریشی نے اجتماعی دعا کرائی۔