دنیا بھر میں 10 کروڑ افراد بے گھر ہوگئے

June 26, 2022

نیویارک (نیوز ڈیسک) دنیابھر میںایک سال کے دوران 10کروڑ افراد بے گھر ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا بھر میں بے گھر ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افریقا کے ساحلی علاقوں سے یورپ کی طرف آنے والے تارکین وطن میں اضافہ ہو سکتا ہےپناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے نے گلوبل ٹرینڈز رپورٹ میں کہا ہے کہ 1951ء میں مہاجرت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے قیام کے بعد سے پہلی بار یوکرین میں پناہ گزینوں کا سب سے بڑا اور تیزی سے بڑھتا ہوا بحران سامنے آیا ہے۔یوکرین پر روسی حملے کے ساتھ افغانستان کا بحران بھی ان اہم واقعات میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے تقریباً 10کروڑ افراد کو مجبوری میں بے گھر ہونا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران ہر برس اس رجحان میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ مہاجرت سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے کہا کہ پناہ کے متلاشی افراد میں اضافے کا یہ رجحان اس وقت تک جاری رہے گا، جب تک عالمی برادری تنازعات کو حل کرنے اور حل تلاش کرنے کی سمت میں اہم اقدامات نہیں کرتی۔ یوکرین کی جنگ نے غذائی تحفظ کا بحران پیدا کر دیا ہے، جو غریب ممالک میں اور زیادہ لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرے گا۔اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیاں بھی بے گھر ہونے کی ایک وجہ ہے۔