میرپور آزاد کشمیر میں تجاوزات کا خاتمہ کریں گے، امجد اقبال

June 26, 2022

سلائو (اورنگزیب چوہدری) میرپور آزاد کشمیر میں سپریم کورٹ کے حکم پر جاری ناجائز تجاوزات کی مسماری کا آپریشن بلا تفریق و امتیاز جلد مکمل کر لیں گے، اس وقت تک میرپور شہر سے 70فیصد سے زاہد تجاوزات کو ختم کر دیا گیا ہے، اوورسیز کشمیریوں کو اگر از خود تجاوزات کو مسمار کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہو تو وہ ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کریں، ہم چاہتے ہیں لوگ اپنی ناجائز تجاوزات کو خود مسمار کریں تا کہ ان کا نقصان کم سے کم ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر میرپور و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری امجد اقبال نے جنگ لندن سے گفتگو میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری امجد اقبال نے کہا میرپور ناجائز تجاوزات مسماری آپریشن خیر جانبدار مکمل میرٹ پر اور سپریم کورٹ کے حکم کے عین مطابق جاری ہے۔ اوورسیز کشمیری مطمئن رہیں کسی کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی نہیں ہو گی تمام ناجائز تجاوزات کو مسمار کریں گے۔ آپریشن کے حوالے سے کوئی معلومات درکار یا کوئی مسئلہ ہو تو براہ راست ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم اوورسیز ڈیسک سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میرپور کو برطانوی کونسل کے معیار کے قریب لانے کی ہر ممکمن کوشش کر رہے ہیں، شہر کی صفائی کے لیے نیا ٹریکٹر خریدا ہے، ضلع میرپور میں مقامی انتحابات کے لیے ووٹنگ رجسٹریشن کا کام آخری مراحل میں ہے، حلقہ بندیاں مکمل کر لی ہیں، آبادی کے تناسب سے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں انتحابی حلقوں میں اضافہ کیا ہے، لوکل انتحابات کے حوالے سے حکومت جب انتحابات کروانا چاہے ہماری تیاری مکمل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا میں اوورسیز ڈیسک میں ہونے والی تمام شکایات کا ذاتی طور پر نوٹس لیتا ہوں، اوورسیز کیمونٹی ہمارے جسم و جان کا حصہ ہے ،انہیں نظرانداز نہیں کریں گے۔