دو سال سے سندھ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، وقار مہدی

June 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکش، انکوائری و سیاسی امور اور پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ گذشتہ 2سال کے دوران سندھ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا سندھ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، اور حکومت سندھ ہرممکن اقدام اٹھاکر یقینی بنائے گی کہ صوبہ پولیو سے مکمل طور پر محفوظ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ گورنمینٹ اسپتال ڈیڑھ نمبر کورنگی میں ضلع کورنگی میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک قومی کاز ہے، جس میں ہر پاکستانی کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی سندھ کے کارکنان پولیو ٹیموں کی رضا کارانہ معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس قومی فریضے میں اپنا حصہ ملانا چاہیے۔ وقار مہدی نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت ہی تھی، جس نے پاکستانی بچوں کو پولیو کے مرض سے بچانے کے لیے ملک میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا تھا۔