تھر، دہائیوں پرانی گاڑیوں میں انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل

June 26, 2022

اسلام کوٹ (رپورٹ / عبدالغنی بجیر) تھرپاکر میں دہائیوں پرانی گاڑیوں میں انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل کی گئی تاہم ٹرک راستے میں بند ہوگیا جسے دھکا لگا کر اسٹاٹ کیا گیا۔

سال 1984ء سے 2022ء تک پولنگ عملے کو پہنچانے میں تھری کیکھڑا ہی استعمال کیا گیا جس پر سوار ہو کر دور دراز دیہاتوں تک جانے والے ملازمین نے آج دن بھر سوشل میڈیا پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ صحرائے تھر میں ضلعی انتظامیہ نے بجٹ بچانے کیلئے سفری سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں اور ٹرک بھر کر تمام عملے کو بھیجا جا رہا ہے،جن میں کچھ ٹرک خراب تھے جن کو دھکا دے کر اسٹارٹ کیا جا رہا تھا۔

جب انتظامیہ چاہتی تو اس سے بہتر ذرائع اور مناسب گاڑیوں کو بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ کچھ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہم سال 1984ء میں تھری کیکھڑے میں اس طرح سے درجنوں لوگ سوار ہوکر پولنگ پر ڈیوٹی کیلئے گئے تھے جس طرح آج سال 2022ء کے دوران ہمارے بیٹے اور پوتے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ ڈیوٹی عملے کو سہولتیں فراہم کرے۔

علاوہ ازیں ضلع و تحصل ہیڈکوارٹرز میں ڈیوٹی کیلئے جمع ہونیوالے پولیس اہلکار، اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین کیلئے پینے کے پانی کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے گئے تو اور صبح سے آئے ہوئے ہزاروں ملازمین 42ڈگری درجہ حرارت میں درختوں اور دیواروں کے سائے تلے الیکشن مواد حاصل کرنے کا انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔