تھر میں کوئلے ذخائر 185 ارب ٹن، مالیت 25 ہزار ارب ڈالر، ماہرین

June 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کو معاشی اور توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے تھر کے کوئلے کے ذخائر کو بروئے کار لایا جائے، تھر میں کوئلے کے زیر زمین ذخائر کے حجم کا اندازہ 185 ارب ٹن ہے جس کی مالیت 25ہزار ارب ڈالر ہے یہ قیمتی خزانہ پاکستان کو درپیش توانائی کے سنگین بحران کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار ماحولیاتی ماہرین اور انجینیرنگ کے شعبہ میں مہارت رکھنے والوں نے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے تحت سٹیزن فار انوائرمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں کیا۔ سیمینار میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے امکانات اور چیلنجز کا جائزہ لینے کے ساتھ ماحول پر پڑنے والے اثرات کو بھی زیر غور لایا گیا،ماہرین کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر درآمدی ایندھن کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تھر کا کوئلہ ایکسپورٹ کرنے کے امکانات سے فایدہ اٹھایا جایا ساتھ ہی مقامی سطح پر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لیے ماحول دوست طریقوں کو بروئے کار لاکر تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے۔ ماہرین نے کہا کہ کوئلے کو موثر اور محفوظ طریقے سے بطور ایندھن استعمال کیا جائے تو ماحولیاتی اثرات کو محدود کیا جاسکتا ہے۔