پرویز الٰہی نے پارٹی میں واپسی کیلئے دس کروڑ کی آفر کی، ڈی سیٹ ہونیوالے ایم پی اے نعمان لنگڑیال کا الزام

June 26, 2022

لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سے منحرف ہو کر ڈی سیٹ ہونے والے سابق رکن پنجاب اسمبلی نعمان لنگڑیال نے الزام لگایا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے پارٹی میں واپسی کے لیے 10 کروڑ روپے کی آفر کی تھی۔چیچہ وطنی میں حلقہ پی پی 202 پر ضمنی انتخاب کے لیے ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے رہے، ہمارے ساتھی محب وطن تھے جنہوں نے رقم کی پیش کش ٹھکرا دی۔نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ہم نے ضمیرکا سودا کیا، میں وزیر تھا لیکن پی ٹی آئی میں جرات نہ تھی کہ مجھے نکال سکتے۔ خیال رہے کہ نعمان لنگڑیال ن لیگ کے ٹکٹ پر پی پی 202سے ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔