کھارادر بم دھماکے کی تحقیقات کے تانے بانے پولیس کی کالی بھیڑوں سے ملنے لگے

June 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کھارا در بم دھماکے کی تحقیقات کے تانے بانے پولیس کی کالی بھیڑوں سے ملنے لگے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس کے رپیڈ رسپانس فورس کے مزید 2 اہلکاروں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کھارادر دھماکے کی تحقیقات میں اب تک پولیس کے آر آر ایف یونٹ کے 3 اہلکار گرفتار ہوچکے ہیں،ملزم عبدالقیوم اور عبدالستار پہلے سے گرفتار اہلکار دلبر علی کی قریبی ساتھی بتائے جا رہے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزم دھماکے کی سہولت کاری میں ملوث ہیں، بم دھماکے میں تین کالعدم تنظیموں کے گٹھ جوڑ کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ 16 مئی کو ہونے والے بم دھماکے میں خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔