ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے سے غریب عوام عاجز آگئے

June 26, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں لوکل پبلک و اندرون ملک آنے جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ، غریب عوام عاجز آگئے،رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے نے ہر طبقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، لوکل ٹرانسپورٹ جس میں رکشہ ،سوزوکی و بس سمیت اندرون ملک آنے و جانے والی کوچز ٹوڈی کارسروس مالکان نے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کردیا جس سے مہنگائی تلے دبے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ غریب مسافروں کو سفر میں شدید مشکل کا سامنا ہے رکشہ ،بس، سوزوکی مالکان منہ مانگے کرائیے طلب کرتے ہیں جبکہ اسی طرح اندرون ملک کے کوچز اور ٹوڈی کرایوں میں بھی کئی گنا اضافہ کیاہے، عوامی و سماجی حلقوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے اورٹرانسپورٹ کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، ایسی صورتحال میں رکشہ سوزوکی مالکان نے بھی کرایہ بڑھادئیے ہیں اور کم سے کم سفر کا بھی کرایہ ڈیڑھ سے دوسوروپے سے زائد طلب کرتے ہیں اس سلسلے میں متعدد والدین نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سوزوکی مالکان نے بچوں کو اسکول لانے لے جانے کا کئی گنا زیادہ کرایہ مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور رکشہ سوزوکی سمیت اندرون ملک آنے جانے والی ٹرانسپورٹ کا کرایہ مقرر کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں دوسری جانب سوزوکی رکشہ مالکان نے کہا کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے اسکے باوجود بھی سواری سے کرایہ مناسب وصول کرتے ہیں۔