غریب بچوں کی جان بچانا صدقہ جاریہ ہے، محمد حلیم

June 26, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کی طرف سے پندرہ ٹیمیں تشکیل دے کر خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے لئے مہم تیز کردی ہے۔ تھیلی سیمیا آگاہی مہم کے سلسلے میں تعلیمی اداروں اور دوسرے مقامات پر لیکچررز دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے تھیلی سیمیا بچائو مہم کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور کوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا ہیموفیلیا اور خون کی دوسری بیماریوں کے شکار چار ہزار سے زائد غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جارہا ہے ان بچوں کی زندگی کے سانسوں کو جاری رکھنے کے لئے انہیں ہر پندرہ روز بعد مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے تینوں مراکز میں زیر علاج غریب بچوں کے والدین کو مفت خون بھی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ بلڈ کینسر کے مریضوں اور سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے۔ مفت علاج کی وجہ سے فرنٹیئر فائونڈیشن غریبوں کے لئے روشنی کی کرن بن چکی ہے۔ غریب بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کار خیر ہے اور صدقہ جاریہ ہے۔ مخیر حضرات کو غریب بچوں اور ان کے والدین کی دلی دعائیں حاصل کرنے کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے۔ زکواۃ خیرات و صدقات کی رقم اور قربانی کی کھالیں فرنٹیئر فائونڈیشن کو دینی چاہئیں۔