صحت مند خاتون نے6 لاکھ پاؤنڈ کے چکر میں 13 سال بستر پر رہنے کا بہانہ کیا

June 26, 2022

فائل فوٹو

صحت مند خاتون نے تقریباََ 6 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے 13 سال تک بستر پر رہنے کا بہانہ کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک صحت مند خاتون نے کونسل سے 6 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ کی رقم حاصل کرنے کے لیے برسوں سے بستر پر رہنے کا بہانہ کیا، اس کا فراڈ پکڑا گیا جس کے بعد اب اسے جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔

2005 اور 2018 کے درمیان، نوبل نامی خاتون نے ہرٹ فورڈ شائر کاؤنٹی کونسل کے اراکین سے بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ بیمار ہیں اور انہیں چوبیس گھنٹے گھر پر سخت نگہداشت کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد، خاتون کو براہ راست ادائیگی کی دیکھ بھال کا پیکج دیا گیا جو عام طور پر معذور افراد یا ان کے خاندان کے افراد کو دیا جاتا ہے۔

13 سال تک، نوبل کو کونسل سے فنڈز موصول ہوئے اور جب اُس کا فراڈ پکڑا گیا تو اُس وقت تک خاتون 6 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ کی رقم لے چکی تھی، خاتون نے کچھ رقم اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ شیئر کی جو کینیڈا اور امریکا میں لگژری چھٹیاں گزارنے گئے تھے۔

شک کی پہلی لہر اس وقت آئی جب 66 سالہ بوڑھی خاتون کو اس کے پڑوسیوں نے صبح سویرے اپنے کتے کے ساتھ گھومتے ہوئے دیکھا۔ تب سے، تفتیش کاروں نے اس پر گہری نظر رکھی۔

ہرٹ فورڈ شائر کاؤنٹی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ مسز نوبل، اس کی بیٹی اور اس کے داماد نے ایک نفیس اور مکروہ فراڈ کیا جس نے بے شرمی کے ساتھ صحت اور سماجی خدمات کے پیشہ ور افراد کو طویل عرصے تک دھوکہ دینے کی کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق 66 سالہ خاتون تحقیقات شروع ہونے کے بعد اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ جرمنی چلی گئیں۔

دوسری جانب نوبل کو چار سال 9 ماہ قید کی سزا سنائی اور کہا کہ یہ ممکنہ طور پر عدالتوں کے سامنے آنے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔