پاکستان: کورونا شرح 2 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ، مزید 2 مریض فوت

June 26, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

قومی ادارۂ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 14 ہزار 437 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 406 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 افراد انتقال کر گئے، جبکہ 94 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔


این آئی ایچ حکام کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جہاں کورونا کے مثبت کیس کی شرح 7 اعشاریہ 64 فیصد ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 21 اعشاریہ 71 فیصدریکارڈ کی گئی۔

ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 949 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 206 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسی دوران حیدر آباد میں 47 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 4 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جبکہ یہاں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 51 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ روز کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح مردان میں 8 اعشاریہ 77 فیصد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 اعشاریہ 45 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

اسی دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح پشاور میں 3 فیصد، لاہور میں 2 اعشاریہ 82 فیصد، گجرات میں 1 اعشاریہ 82 فیصد اور راولپنڈی میں 1 اعشاریہ 64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔