غریب عوام کیلئے ٹرین مارچ کر رہے ہیں: سراج الحق

June 26, 2022

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق —فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم غریب عوام کے لیے ٹرین مارچ کر رہے ہیں۔

ملتان میں ٹرین مارچ کی روانگی سے قبل کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان جل رہا ہے، فصلیں اور کاروبار تباہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن کے پاس پیسہ ہے، وہ بیرونِ ملک بھاگ رہے ہیں، ان کی کھاؤ پیو سیاست ہے۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ہو یا تحریکِ انصاف دونوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کو بیچا، یہ دونوں مافیاز کی پناہ گاہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان جماعتوں کا آپس میں نا اہلی کا مقابلہ ہے، یہ سب کرپٹ، لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے سرپرست ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے سوال اٹھایا کہ لوگ اپنے بچوں کو کھلا نہیں سکتے، تعلیم کیسے دلوائیں، بل کیسے ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کر کے، اسمبلیوں میں جاتے ہیں اور پھر پیسے کماتے ہیں۔

جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیر کو بیچنے میں پی ڈی ایم اور تحریکِ انصاف شامل ہیں۔