ڈاکٹر محمود اورنگزیب کو سی پی ایس پی ایوارڈ سے نوازا گیا

June 27, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل کالج پشاور کے ڈین ڈاکٹر محمود اورنگزیب کو سرجری ، تدریس اور مشق اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان (سی پی ایس پی)کے ساتھ طویل وابستگی کے اعتراف میں ایف سی پی ایس ایوارڈسے نوازا گیا۔ ڈاکٹر محمود اورنگزیب ریاست سوات کے آخری والی میاں گل جہانزیب کے پوتے ہیں، انہوں نے 22 سال کی عمر میں خیبر میڈیکل سے گریجویشن کی جس کے بعد وہ رائل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں ہیمرسمتھ ہسپتال، ایڈگ ویئر جنرل ہسپتال اور لندن کے رائل برومپٹن ہسپتال میں اعلیٰ جراحی کی تربیت کے لئے برطانیہ چلے گئے رائل کالجوں انگلینڈ، ایڈنبرا اور گلاسگو سے ایف آر سی ایس امتحان دے کر کوالیفائی کیا۔ 1993 میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں سینئر رجسٹرار کے طور پر کام کرنے کے لئے واپس آئے، 2009 میں سرجری کے پروفیسر اور پھر 2013 میں شعبہ کے سربراہ بنے، 2018 میں انہیں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا سی ای او مقرر کیا گیا اور 2020 میں وہ خیبر میڈیکل کالج کے ڈین بن گئے۔ 2020 سے وہ پی ایم سی کے نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے رکن ہیں۔ 2015 میں وہ سوسائٹی آف سرجنز آف پاکستان کے مرکزی صدر منتخب ہوئے، وہ 200 سے زیادہ ٹرینی سرجنوں کی نگرانی کر چکے ہیں، ان کی 48 سائنسی اشاعتیں ہیں۔