فقیر آباد ٹیچر قتل ٗملزم گرفتاری کے باوجود کیس کی گتھی نہ سلجھ سکی

June 27, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے قاضی کلے میں ٹیوشن ماسٹر کے قتل کے الزام میں ملزم کی گرفتاری کے باوجود کیس کی گتھی سلجھ نہ سکی کہ آخر اسے کیوں قتل کیا گیا؟ جبکہ گرفتارملزم کو جیل بھی منتقل کردیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے گھر کے اندراسکے بیٹے کو ٹیوشن پڑھانے والے صدام حسین کو قتل کیا ہے ۔ کچھ روزقبل قاضی کلے میں گھر کے اندر بیٹھک میں صدام حسین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا جس پر ابتداءمیں نامعلوم افرادکیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ،مقتول کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ مقامی نجی سکول میں ٹیچر ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتا تھا ،بعد میں ورثاءنے دعویداری کی کہ صدام حسین کو ملزم شیرداد نے قتل کیا ہے کیونکہ قتل شیرداد کے گھر میں ہوا جہاں مقتول ملزم کے بیٹے کو ٹیوشن پڑھانے آتا تھا جسکے بعد ملزم شیرداد کو گرفتار کرکے اس کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد اسکی جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کی گئی تاہم فقیرآباد پولیس کی تفتیشی ٹیم کے مطابق یہ تاحال معلوم نہیں ہوسکا کہ ملزم نے مقتول کو کیوں قتل کیاکیونکہ وہ اس حوالے سے انکاری ہے اوربیان دیاہے کہ جس وقت وقوعہ پیش آیا وہ گھر میں موجود نہیں تھااوراپنی دکان میں تھا۔ ملزم سے تفتیش مکمل ہونے پر اسے جیل منتقل کیاگیا ہے ۔