حکومت تبدیل ہوتے ہی پی سی بی چیئرمین کی تبدیلی، قیاس آرائیاں غلط نہیں

June 27, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ حکومت تبدیل ہونے کے بعد پی سی بی چیئرمین شپ میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں غلط نہیں ہے یہ ہماری کرکٹ کی روایت رہی ہے۔میرے آپشنز کھلے ہیں، یہ مت سوچے کوئی کہ میں کرسی سے چمٹا ہوا ہوں۔نمائندہ جنگ سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ روایت بن گئی کہ حکومت کی تبدیلی سے بورڈ میں بھی تبدیلی آنی چاہیے تھی۔حکومت تبدیل ہوتے ہی میڈیا چھریاں نکال لیتا ہے چیئرمین کو بھی تبدیل کیا جائے۔گھر میں مجھے پتہ نہیں ہوتا کہ میں کتنی بڑی پوسٹ پر ہوں۔آٹھ ماہ میں میں نےغیر ملکی دورے پر صرف ڈھائی لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔میرے پاس آپشن کھلے ہوئے ہیں میں اس کرسی سے چمٹا ہوا نہیں ہوں۔آپ میری کارکردگی دیکھیں۔رمیز راجا نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان مجھے چھ ماہ قبل چیئرمین بنانا چاہتے تھے لیکن مجھے میرے اہل خانہ کی جانب سے مخالفت کا سامنا تھا اس لئے میں چھ ماہ بعد اپنے گھر والوں کو قائل کرکے چیئرمین بنا۔ عمران خان بھی اس بات کی تصدیق کریں گے کہ میں نے تاخیر سے ان کی پیشکش کو قبول کیا۔