ٹیکس نوٹس بھجوانے‘ پانی کے بور سیل کرنے پر کینٹ بورڈ کیخلاف مظاہرہ

June 27, 2022

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کیخلاف سہام وارڈ نمبر 9میں اہلیان علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے کہا کہ چھوٹے ٹیوب ویل مالکان کو چھ چھ لاکھ روپے ٹیکس نوٹس بھجوا کر اور انکے بور سیل کر کے عوام کو پانی کی بوند بوند سے محروم کر دیا گیا۔ حکام خود پانی فراہم نہیں کر سکتے الٹا ہمارے بور بھی بند کر دیئے جہاں سے روزانہ ہزاروں افراد مفت پانی بھرتے ہیں۔ حاجی ریاض، چوہدری ظہور الٰہی، راجہ وحید، راجہ ظہیر، حاجی محبوب نے سابق ایم این اے ملک ابرار، ایم پی اے ملک افتخار، وائس پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ راولپنڈی ملک منیر، ممبر وارڈ 9چوہدری شکور احمد سے مطالبہ کیا کہ ڈی جی کینٹ سے ملکر مسئلہ حل کرائیں۔ ادہر ڈھوک مستقیم‘ سہام‘ ڈھوک گجراں‘ نیشنل کالونی‘ نیو ویسٹریج‘ نیو آفیسرز کالونی‘ بلیو لینڈ‘ عثمانیہ کالونی کی 75ہزار آبادی میں پچاس فیصد سے زائد پانی کی پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔